ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل میں مجلس اصلاح و تنظیم کے زیراہتمام منعقدہ ختنہ کیمپ کا کامیاب انعقاد؛ 101 بچوں کا کیا گیا ختنہ

بھٹکل میں مجلس اصلاح و تنظیم کے زیراہتمام منعقدہ ختنہ کیمپ کا کامیاب انعقاد؛ 101 بچوں کا کیا گیا ختنہ

Sun, 13 Dec 2020 19:04:57    S.O. News Service

بھٹکل 13/ٖڈسمبر (ایس او نیوز) ضلع اُترکنڑا کا سب  سے بڑا، قدیم اور معروف سماجی و فلاحی ادارہ مجلس اصلاح و تنظیم کے زیراہتمام آج اتوار کو ختنہ کیمپ کا کامیاب انعقاد کیا گیا جس میں 101 بچوں کا ختنہ کرایا گیا۔

بھٹکل کے چار ماہر  ڈاکٹروں نے ختنہ کیمپ میں اپنی خدمات پیش کی جس میں  ڈاکٹر محمد حنیف شباب، ڈاکٹر نسیم خان، ڈاکٹر  سمیع اللہ  اور ڈاکٹر عبدالقادر نرسوں اور دیگر ہیلتھ ورکروں کی ٹیم کے ساتھ تنظیم کے اس کیمپ کو کامیاب بنایا، تنظیم کی طرف سے صدر ایس ایم پرویز،  جنرل سکریٹری عبدالرقیب ایم جے ندوی ، کیمپ کے کنوینر صدیق ڈی ایف سمیت دیگر اراکین انتظامیہ میں سے محمد صادق مٹّا ، مولوی یاسر برماور ندوی،    جیلانی شاہ بندری، عبدالسمیع کولا  وغیرہ ابتدا سے آخر تک  پیش پیش نظر آئے۔

صبح نو بجے کیمپ  کا آغاز ہوا تھا، شام پانچ بجے اختتامی تقریب  میں تنظیم کی طرف سے   ڈاکٹروں سمیت تمام نرسوں و دیگر خدمات انجام دینے والوں کا  شکریہ ادا کیا گیا اور اُنہیں تحائف پیش کئے گئے۔بتایا گیا ہے کہ کیمپ میں 80 بچوں  تک کا ختنہ کرانے کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا، جس کی وجہ سے  بعض لوگوں کو واپس بھی بھیجا  گیا  مگر پھر دوپہر بعد آنے  والوں کو مایوس نہ کرتےہوئے  اُن کے بچوں کا بھی ختنہ کرایا گیا اس طرح  جملہ 101 بچوں کا ختنہ کرایا گیا۔

ختنہ کے موقع پر بھٹکل مسلم یوتھ فیڈریشن کے صدر عزیز الرحمن رکن الدین ندوی سمیت  کئی  نوجوان والنٹیرس  کے طور پر بھی موجود تھے، جبکہ بچوں کو خوش رکھنے کے لئے چاکلیٹ اور کولڈ ڈرنکس کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ تنظیم ہال میں الگ الگ ڈاکٹروں کے لئے  علیحدہ روم بنائے گئے تھے۔ جبکہ بچوں کے ناموں کے  رجسٹریشن کی کاروائی کے لئے تنظیم سمیت نوائط کالونی رابطہ سوسائٹی دفتر  میں بھی انتظام کیا گیا تھا۔


Share: